بھارتی طیارہ گرانے والے ہیروز سمیت فوجی اور سول شخصیات کیلئے اعزازات
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ صباح نیوز+ سپیشل رپورٹ) یوم آزادی اور یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر افواج کے افسروں اور جوانوں کو صدر مملکت کی طرف سے اعزازات سے نوازا گیا۔ ونگ کمانڈر محمد نعمان کو ستارہ جرات سے نوازا گیا۔ افسروں اور جوانوں کو مختلف آپر یشنز خصوصاً پلواما واقعے کے بعد بھارت کو تمام محاذوں پر شکست دینے پر اعزاز سے نواز جائے گا۔ ونگ کمانڈر محمد نعمان علی نے 27 فروری کو بھارتی فضائیہ کا جہاز مگ 21 گرایا جو مقبوضہ کشمیر میں گرا۔ مگ 21 گرنے کے نتیجے میںبھارتی ونگ کمانڈر ابھی نندن گرفتار کیا گیا۔ سکواڈرن لیڈر حسن محمود صدیقی کو ستارہ جرات اور پاک فضائیہ کے گروپ کیپٹن فہیم احمد کو تمغہ جرات سے نوازا گیا۔ علاوہ ازیں صدر مملکت نے پاک آرمی‘ نیوی اور ائیر فورس کے افسروں اور جوانوں کے لئے فوجی اعزازات ایک ستارہ جرأت‘ دو تمغہ جرأت‘ آٹھ ستارہ بسالت‘ 88 تمغہ بسالت‘ 94 امتیازی اسناد‘ 113 چیف آف آرمی سٹاف کی طرف سے تعزیتی اسناد‘ 23 ہلال امتیازملٹری‘ 112 ستارہ امتیاز ملٹری دینے کا اعلان کیا ہے۔ مزید برآں صدر عارف علوی کی جانب سے 73 ویں یوم آزادی کے موقع پر 41 شخصیات کے لیے ایوارڈز کا اعلان کیا گیا ہے۔ سرکاری اعلامیے کے مطابق جشن آزادی کے موقع پر ان 41 شخصیات کے لیے ایوارڈز کا اعلان کیا گیا ہے، جنہوں نے پاکستان کے لیے نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ اعلامیے کے مطابق چین کی 2 شخصیات سونگ تا اور زونگ شون متحدہ عرب امارات کے شیخ منصور بن زاید النہیان امریکی رکن کانگریس شیلا جیکسن کو ہلال پاکستان کے اعزاز سے نوازا جائے گا۔ چین کے ژوبیگ اور امریکا کے نجیب اللہ غوری، چیک ریبپلک کے پاول بیم کو بھی ہلال امتیاز سے نوازا جائے گا۔ میجر ریٹائرڈ اعظم سلیمان خان کو پبلک سروس اور نیشنل سیکیورٹی پر، خلیق داد خان کو الیکٹرانکس، قاری صداقت علی، مفتی محمد تقی عثمانی اور علامہ رضی جعفر نقوی کو پبلک سروس پر ہلال امتیاز دیا جائیگا۔ ضیا آفتاب کو انجینئرنگ الیکٹرانکس، صفدر معاویہ کوانجینئرنگ میکنیکل، ریحان ماجد کو انجینئرنگ میکینکل ایرواسپیس، ڈاکٹر رضوان حسین سائنس کیمسٹری، عبدالقیوم کوانجینئرنگ میکینکل اور محمد الیاس کو انجینئرنگ مائنز پر ہلال امتیاز سے نوازا جائیگا۔ ڈاکٹر ارشد سلیم بھٹی کو سائنس، فزکس اور نینو ٹیکنالوجی، ڈاکٹر ایوب صابر کو تعلیم، ڈاکٹر کامران وصفی کو ادویات اور محمد جاوید آفریدی کو عوامی خدمات پر ہلال امتیاز سے نوازا جائے گا۔ عمران سیریز کے خالق اسرار احمد(ابن صفی مرحوم)کو ادبی خدمات پر ہلال امتیاز سے نوازا جائیگا جب کہ احمد اللہ کو عوامی خدمات اور زیادہ ٹیکس ادائیگی پر ہلال امتیاز دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ڈاکٹر عبدالقدوس شہید کو ہلال شجاعت سے نوازا جائے گا۔ اعلامیے کے مطابق ایوارڈ دینے کی تقریب 23 مارچ 2020 کو یوم پاکستان کے موقع پر منعقد کی جائے گی۔