پاکستان اللہ کا انمول تحفہ ہے قیامت تک قائم و دائم رہے گا: عارف خان سندھیلہ
شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت )مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر و سابق رکن صوبائی اسمبلی محمد عارف خان سندھیلہ نے کہا ہے کہ وطن عزیز پاکستان اللہ تعالیٰ کا انمول تحفہ ہے جو ہمیشہ قائم و دائم اور رہتی دنیا تک شاد و آباد رہے گا ،قائد اور اقبال کی روحوں سے کئے گئے ہر وعدے کی تکمیل یقینی بنائیں گے اور بطور پاکستانی ملکی سلامتی و خوشحالی کیلئے انتھک جدوجہد جاری رکھیں گے ہم ملکی ترقی کیلئے پر عزم ہیں اوریہ فریضہ (ن) لیگ کے پلیٹ فارم سے سر انجام دیتے رہیں گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی سیکرٹریٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر عباس خان، عابد خان سندھیلہ، حاجی ارشد خان، الیاس سندھیلہ ، اقبال سہوتراو دیگر رہنما اور کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی، محمد عارف خان سندھیلہ نے کہا کہ (ن) لیگ نے اپنے دور اقتدار میں ملکی ترقی وخوشحالی کی خاطر دن رات جدوجہد کی جس کے نتیجہ میں ملکی مسائل میں کمی لائی گئی، انہوں نے کہا کہ کشمیر کے بغیر پاکستان ادھورا ہے جس کی تکمیل کیلئے کشمیر کی آزادی ناگزیر ہے ۔(ن) لیگ دوبارہ برسر اقتدار آکر مسئلہ کشمیر کا حل یقینی بنائے گی موجودہ حکمرانوں کے یہ بس کی بات نہیں۔