حکومت ملک سے غربت ختم کرنے کیلئے اقدامات کرے:خورشید احمد
لاہور(نیوز رپورٹر) ملک بھر کے محنت کشوں نے آل پاکستان ورکرزکنفیڈریشن کے زیراہتمام ملک بھر میں اجتماعات، اجلاس منعقد کر کے 72 ویں یوم آزادی نہایت جوش وخروش سے منایا۔ بختیار لیبرہال کے باہر ایک خصوصی تقریب ہوئی جس میں سینکڑوں محنت کشوں کے نمائندگان و کارکنوں نے واپڈا، ریلوے، ٹیلی کمیونیکیشن، ٹیکسٹائل ودیگر ملحقہ مزدور تنظیموں سے حصہ لیا ۔اس موقعہ پر بزرگ مزدور راہنماء خورشیداحمد جنرل سیکرٹری کنفیڈریشن ہذا ، روبینہ جمیل صدر نے خطاب کیا اجلاس میں ایک قرار داد کے ذریعے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں آزادی پاکستان کی جدوجہد اور دفاع پاکستان میں شہیدوں کے لئے خصوصی دعائے مغفرت کرتے ہوئے ان کی عظیم خدمات کو خراج تحسین پیش کیاگیا اور حکومت سے مطالبہ کیاگیا کہ وہ قائداعظم محمد علی جناح کے فرمان کے مطابق ملک میں اسلامی مساوات اور قومی اقتصادی خودکفالت کی پالیسیوں کو اپنا کر ملک میں غربت، جہالت، عام بے روزگاری اور سماج میں بے پناہ اونچ نیچ کا استحصالی نظام ختم کریں، ملک میں ضروریات زندگی کی اشیاء میں بے پناہ مہنگائی ختم کریں محنت کشوں کو احترام محنت اور اْنہیں پالیسی ساز اداروں میں نمائندگی دی جائے - اجلاس میں اقوام متحدہ اور دنیا کی آزادی پسند اقوام سے بھرپور اپیل کی گئی کہ وہ کشمیریوںکے خلاف بھارتی افواج کا قتل عام بند کرائیں اور انہیں اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حق رائے دہی کا حق دیا جائے۔