عمران خان کو حلقے کھولنے کے وعدے سے بھاگنے نہیں دیں گے:شاہ اویس نورانی
لاہور(خصوصی نامہ نگار) جمعیت علماپاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے ترجمان صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ پوری قوم پاکستان کو مدینہ ثانی بنانے کے لئے متحد و متحرک ہو جائے۔ قیام پاکستان کے مقاصد کی تکمیل کے لئے پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانا ضروری ہے۔پاکستان کے خلاف سازشیں کرنے والے ناکام و نامراد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور جمہوریت کے استحکام کے لئے دھاندلی کی شفاف تحقیقات کرنا ضروری ہے۔ عمران خان کو حلقے کھولنے کے وعدے سے بھاگنے نہیں دیں گے۔ عمران خان کے لئے اپنے وعدے اور دعوے پورے کرنا بہت بڑا امتحان ہے۔ الیکشن کمیشن کا مجرمانہ کردار ناقابل معافی ہے۔ حکومتوں کی نااہلی کی وجہ سے وسائل سے مالامال پاکستان مسائل سے دوچار ہے۔