یوم آزادی‘ نوجوانوں کا جوش و خروش گزشتہ سالوں کے مقابلہ میں کہیں زیادہ تھا
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) اس سال پاکستان کے 71 ویں یوم آزادی پر پاکستانی نوجوانوں میں جوش و خروش گزشتہ سالوں کے مقابلہ میں کہیں زیادہ نظر آیا۔ پاکستان کے تمام شہریوں میں بالعموم اور خاص طور پر دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی میں نوجوان سڑکوں‘ پارکوں اور سیاحتی مقامات پر طوفانی انداز میں امڈ آئے۔ کاروں اور موٹر سائیکلوں پر پاکستان کے پرچم لہرائے نوجوان ہر طرف رواں دواں نظر آتے رہے۔ نوجوانوں کی بڑی اکثریت نے پاکستانی پرچم کے رنگوں کے کپڑے بھی زیب تن کئے۔ سبز رنگ کے کرتے اور سفید شلواریں پہنے نوجوان موٹر سائیکلوں اور کاروں میں گھومتے رہے۔ راول لیک ‘ دامن کوہ‘ ایوب پارک‘ ایف نائن پارک اسلام آباد کے مختلف حصوں‘ فیض آباد اور زیروپوائنٹ کے درمیان سڑک پر نوجوانوں کی ٹولیاں نعرے بازی کرتی رہیں۔ دارالحکومت میں 13 اور 14 اگست کی درمیانی شب اور چودہ اگست کی شام ٹریفک کئی سڑکوں پر جام رہی۔