فہمیدہ مرزا کی عمران خان سے ملاقات‘ بھرپور تعا ون کی یقین دہانی
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کی رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے منگل کو بنی گالہ میں چیئرمین تحر یک انصاف سے ملاقات کی اور انہیں وزیراعظم نامزد ہونے پر مبارکباد دی۔ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے عمران خان کو وزیراعظم کے انتخاب سمیت سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے الیکشن میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ دریں اثناء تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے منگل کو مجلس وحدت المسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ملاقات کی اور انہیں جشن آزادی کی مبارکباد دی۔ دو نوں رہنمائوں نے ملک کو درپیش معاشی مشکلات اور اس کے حل کیلئے امور پر تفصیلی بات چیت کی مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ نے ملک میں سرمایہ کاری کیلئے پی ٹی آئی کی حکومت کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات میں سید محسن شہریار، سید حسن کاظمی، مظاہر شگری، سید مظہر حسین الحسینی موجود تھے۔