پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے تحت پچپن بھارتی ماہی گیروں کو رہا کر دیا جنھیں کل واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔
کراچی کی ملیر جیل سے رہا ہونے والے بھارتی قیدی مختلف اوقات میں پاکستانی سمندری حدود میں شکار کرتے ہوئے گرفتار کیے گئے تھے۔ ماہی گیروں کی رہائی کے موقع پر سندھ کے وزیرقانون و جیل خانہ جات ایاز سومرو،ڈی آئی جی جیل خانہ جات،افسران اور مختلف این جی اوز کے نمائندے بھی موجود تھے۔اس موقع پر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ گزشتہ دنوں بھی پاکستان نے تین سو بھارتی ماہی گیر رہا کیے تھے امید ہے بھارت بھی ایسا ہی مثبت رویہ اپنائے گا۔ رہائی پانے والے بھارتی ماہی گیروں نے قید ختم ہونے پر خوشی کا اظہار کیا۔انھیں پولیس کی اسپیشل پارٹی کے ساتھ بس میں لاہور روانہ کردیا گیا جہاں انھیں کل واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کیا جائےگا۔