مصر: میجر جنرل عبدالمینم نئے ایئر چیف ایڈمرل اسامہ نیول چیف تعینات‘ ہٹائے گئے جرنیلوں کو میڈلز ‘ مصری صدر نے فوج کے منہ پر طمانچہ مارا: عالمی میڈیا
واشنگٹن + قاہرہ (نمائندہ خصوصی + نوائے وقت نیوز + رائٹرز) مصری صدر محمد مرسی نے میجر جنرل عبدالمنیم ابراہیم کو ایئر چیف اور بریگیڈیئر ایڈمرل اسامہ عبدالعندی کو نیول چیف تعینات کر دیا جبکہ سابق آرمی چیف فیلڈ مارشل حسین طنطاوی اور چیف آف سٹاف سمیع عنان کو میڈلز سے نوازا ہے۔ دریں اثناءمصری عدالت صدر کی طرف سے فوجی جرنیلوں کی برطرفی کے فیصلے کے خلاف اپیل کی سماعت کرے گی۔ مصری صدر ڈاکٹر محمد مرسی کی جانب سے اعلیٰ عسکری قیادت کو ان کے عہدوں سے سبکدوش اور نئی تقرریوں کے حالیہ فیصلے کو عالمی ذرائع ابلاغ نے بڑے پیمانے پر کوریج دی ہے۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق صدر محمد مرسی نے فوج اور ایوان صدر کے اختیارات میں طاقت کا توازن پیدا کیا ہے۔ برطانوی اخبار گارڈین نے کہا کہ مصری صدر نے فوج کے منہ پر طمانچہ مارا ہے۔ امریکی ٹیلی ویژن چینل خصوصی رپورٹ کے مطابق صدر نے نہ صرف اپنے تمام اختیارات فوج سے واپس لے لئے ہیں بلکہ ثابت کیا ہے کہ ملک میں اب صدر، فوج سے زیادہ طاقتور ہے۔ نمائندہ خصوصی کے مطابق امریکی حکام نے کہا ہے کہ مصری فوج میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کے باوجود امریکہ اور مصر کے درمیان فوجی تعلقات متاثر نہیں ہوں گے۔