وزیراعظم کی اپوزیشن رہنما، گورنرز وزرائے اعلیٰ اوردیگر کو یوم آزادی کی مبارکباد

15 اگست 2012

اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے یوم آزادی پر چاروں صوبوں کے گورنرز ، وزرائے اعلیٰ، سیاسی رہنماﺅں اور قائد حزب اختلاف کو فون کرکے مبارکباد دی۔ پرویز اشرف نے پنجاب، سندھ، خیبر پی کے، بلوچستان کے گورنرز اور وزرائے اعلیٰ،گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ، آزاد جموں وکشمیر کے صدر اور وزیراعظم ، اے این پی کے صدر اسفندیار ولی خان اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چودھری نثار علی خان کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کی اور انہیں یوم آزادی کی مبارکباد دی۔ شہباز شریف سے گفتگو میں وزیراعظم نے کہا ہم قومی اہمیت کے معاملات پر سر جوڑ کے بیٹھیں اور مل کر کام کریں۔ وزیراعظم نے صوبوں کے درمیان بجلی کی منصفانہ تقسیم سے متعلق کمیٹی کے قیام میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے کردار کو سراہا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے وزیراعظم کو یقین دہانی کرائی وہ عام آدمی کو درپیش مسائل کا حل نکالنے اور تعاون کیلئے تیار ہیں۔ عشرت العباد، قائم علی شاہ، مسعود کوثر، امیر حیدر ہوتی، ذوالفقار مگسی اور اسلم رئیسانی کے ساتھ بات چیت میں وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا ساتویں این ایف سی ایوارڈ کے نتیجے میں صوبوں کے وسائل میں اضافہ سے صوبے عام آدمیوں کو بہتر خدمات کی فراہمی اور ان کا معیار زندگی بہتر بنانے کے قابل ہوگئے ہیں۔ وزیراعظم نے عشرت العباد کو نشان امتیاز عطا ہونے پر مبارکباد بھی دی۔ اسفندیار ولی کے ساتھ بات چیت میں وزیراعظم نے انہیں یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے انکی خیریت دریافت کی ۔ چودھری نثار نے بھی وزیراعظم کو مبارکباد پیش کی ۔ وزیراعظم کی جانب سے سیاسی رہنماﺅں کے ساتھ رابطے قومی سطح پر ساز گار ماحول برقرار رکھنے کی کوشش کا حصہ ہیں تاکہ آئندہ عام انتخابات کا انعقاد آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انداز میں کیا جا سکے۔