ہندو اپنی دھرتی چھوڑ کر نہ جائیں حر فورس انہیں تحفظ فراہم کریگی: پیرپگاڑا

15 اگست 2012

کراچی (سٹاف رپورٹر) مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ اور حروں کے روحانی پیشوا پیر صاحب پگارا نے جیکب آباد سمیت سندھ بھر میں ہندو برادری سے اپیل کی ہے کہ اپنی دھرتی چھوڑ کر نہ جائیں انہیں مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔یہ پیغام پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکرٹری جنرل اور وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے خصوصی تعلیم امتےاز احمد شیخ نے منگل کو ہندو پنچائیت کے رہنماﺅں ڈاکٹر بابو کھرانا اور بابو مہیش لاکھانی سے ٹیلی فونک بات چیت کے دوران کیا۔امتےاز احمد شیخ نے کہا کہ پیر صاحب پگارا نے کہا ہے کہ ہندو برادری اپنے آپ کو تنہا نہ سمجھے سندھ ان کی دھرتی ہے جیکب آباد سمیت سندھ بھر میں جہاں کہیں بھی ہندو برادری آباد ہے مسلم لیگ فنکشنل کا ہر کارکن اور حر فورس انہیں تحفظ فراہم کریگی ۔