وزیراعظم عدالت میں پیش ہوں یا نہ ہوں، کوئی پہاڑ نہیں گرے گا: مشاہد

15 اگست 2012

 لاہور (اے پی اے+ آئی این پی) ق لیگ کے سیکرٹری جنرل مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ عدالتی فیصلے مانے جا رہے ہیں تبھی تو ایک وزیراعظم کو رخصت ہونا پڑا۔ موجودہ وزیراعظم 27 اگست کو عدالت میں پیش ہوں یا نہ ہوں کوئی پہاڑ نہیں گرے گا۔ ق لیگ کے سنٹرل سیکرٹریٹ اسلام آباد میں جشن آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشاہد حسین نے کہا کہ انہیں اداروں کے درمیان کوئی تصادم نظر نہیں آ رہا۔ قومی معاملات پر سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر سوچنا ہو گا ۔ توانائی تعلیم اور دہشت گردی کے معاملے پر قومی سوچ اپنانا ہو گی۔ آئندہ انتخابات ہر حال میں شفاف ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان قائداعظم کا احسان مند ہے، ہمیں آزادی کی نعمت کی قدر کرنی چاہئے۔