عدلیہ قانون بلڈوز کر رہی ہے: پیپلز پارٹی، حکمران جمہوریت کیلئے خطرہ ہیں: تحریک انصاف

15 اگست 2012

لاہور (خبرنگار / سٹاف رپورٹر) ساڑھے 4 برس سے حکومت پر روزانہ نیا حملہ ہوتا ہے ، عدلیہ اپنے اختیارات سے تجاوز کر رہی ہے ۔ پارلیمنٹ کے علاوہ کسی کو قانون سازی، آئین میں ترمیم کا حق نہیں مگر یہاں عدلیہ پارلیمنٹ کے منظور کئے قوانین کو بلڈوز کر دیتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار ذوالفقار گوندل، عزیز الرحمن چن، راجہ عامر اور چودھری اسلم گل نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ صدر کا اشارہ یقیناً عدلیہ کی طرف ہے عدلیہ اپنے اختیارات سے تجاوز کر رہی ہے ۔ اسلم گل نے کہا کہ سیاستدان اورعوام ہی پارلیمنٹ کا تحفظ کرتے ہیں ۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف کے رہنما انعام اللہ نیازی، فاروق امجد، عبدالقیوم اور علیم خان نے کہا ہے کہ حکمران ہی خود کو آئین و قانون سے بالاتر سمجھتے ہوں اور اسے روزانہ اپنے پاﺅں تلے روندتے ہیں ان کے منہ سے عوام کو آئین اور پارلیمنٹ پر نئی طرز کے حملوں کی بات نہیں سجتی۔ حکومت خود ملک کو تباہی کی طرف دھکیل رہی ہے۔ حکمرانوں نے اگر خود آئین پر عمل کیا ہوتا، عدالتی فیصلوں پر عمل کرتے اور عوام کے حقوق کا خیال رکھتے ہوئے انہیں لوڈشیڈنگ اور کرپشن سے نجات دلاتے تو یہ صورتحال پیدا نہ ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ آئین اور پارلیمنٹ کو کسی قسم کے خطرے کا سامنا نہیں بلکہ اصل خطرہ یہ حکومت اور اس کے اتحادی ہیں ۔ پیپلز پارٹی جس طرح قومی اداروں سے کھلواڑ کررہی ہے اس کا نتیجہ حکمرانوں کونہیں ملک کوبھگتنا پڑیگا۔