پرویز اشرف کہیں نہیں جا رہے، آئینی وزیراعظم ہیں: جہانگیر بدر

15 اگست 2012

 لاہور(آئی اےن پی) پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل جہانگیر بدر نے کہا کہ راجہ پرویز اشرف کہیں نہیں جا رہے وہ ملک کے منتخب آئینی وزیراعظم ہیں ‘ پارلیمنٹ کو کام کرنے سے روکنا جمہوریت کی راہ میں روڑے اٹکانے کے مترادف ہے‘ 27 اگست کو وزیراعظم کے سپریم کورٹ میں جانے کے حوالے سے فیصلہ عید کے بعد کیا جائیگا۔ پارٹی کارکنوں سے گفتگو میں جہانگیر بدر نے کہا کہ کچھ لوگوں کو وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کو گھر بھجوانے کی بہت جلدی ہے لیکن ایسے لوگوں کو انتظار کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کبھی اداروں کے پیچھے چھپ کر سیاست نہیں کی لیکن (ن) لیگ پہلے دن سے اداروں کے پیچھے چھپ کر جمہوریت اور حکومت کے خلاف سازشیں کر رہی ہے۔