لاہور سمیت کئی شہروں میں منچلے سڑکوں پر امڈ آئے، ون ویلنگ، ایک ہلاک، درجنوں زخمی

15 اگست 2012
لاہور سمیت کئی شہروں میں منچلے سڑکوں پر امڈ آئے، ون ویلنگ، ایک ہلاک، درجنوں زخمی

لاہور + گوجرانوالہ + کاہنہ (اپنے نمائندے سے + نمائندہ خصوصی + نامہ نگاران) یوم آزادی کی خوشی میں لاہور ، گوجرانوالہ سمیت کئی شہروں میں منچلے سڑکوں پر نکل آئے، ون ویلنگ کرتے رہے اور ٹولیوں کی شکل میں سائلنسر نکال کر سڑکوں پر گھومتے رہے۔ پولیس نے کئی نوجوانوں کو گرفتار کر لیا جبکہ ون ویلنگ کے باعث ایک نوجوان ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں دن بھر ون ویلنگ جاری رہی۔ مال روڈ اور کینال روڈ پر گذشتہ روز بھی جشن کا سماں رہا۔ فائرنگ اور آتش بازی سے فضا گونج اٹھی، مال روڈ پر پولیس نے منچلوں پر لاٹھی چارج بھی کیا جس کے باعث وہاں بھگدڑ مچ گئی۔ شہر کی اہم سڑکوں پر ٹریفک کا شدید دباﺅ رہا اور ٹریفک جام رہی۔ منچلے نوجوان گاڑیوں میں اونچی آواز میں ملی نغمے اورگانے لگا کر خواتین اور لڑکیوں سے بدتمیزی کرتے رہے۔ مال روڈ، جیل روڈ، مین بلیوارڈ گلبرگ، اقبال ٹاﺅن مین بلیوارڈ، ڈیفنس سمیت دیگر شہر کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک جام ہو گئی، ٹریفک کا نظام بری طرح درہم برہم ہو گیا، شہری گھنٹوں ٹریفک میں پھنسے رہے، کئی جگہ پر پولیس اور منچلے نوجوانوں کے درمیان لڑائی جھگڑا بھی ہوا۔ کاہنہ کے مجاہد حیدر کا 17 سالہ بیٹا عفیر حیدر موٹر سائیکل پر فیروزپور روڈ پر ون ویلنگ کر رہا تھا سامنے سے آنے والی موٹر سائیکل سے ٹکرا گیا جس سے وہ موقع پر ہلاک ہو گیا جبکہ دوسری موٹر سائیکل پر سوار میاں بیوی اور ان کے دو کمسن بچے شدید زخمی ہو گئے۔ گوجرانوالہ میں موٹر سائیکلوں پر کرتب دکھانے والے 2 درجن سے زائد ویلر ٹریفک حادثات کی نذر ہو کر ہسپتال پہنچ گئے جبکہ درجنوں منچلے پولیس کے ہتھے چڑھ گئے جن میں متعدد نوجوان پولیس کو بھاری رقوم دے کر ”نو دو گیارہ“ جبکہ کنگلوں کے خلاف مقدمات درج کر لئے گئے۔ چھانگا مانگا سے نامہ نگار کے مطابق جشن آزادی کے موقع پر نوجوانوں کی ٹولیاں چہروں پر قومی پرچم پینٹ کرائے پرچم اٹھائے اچھلتے کودتے، بھنگڑے ڈالتے رہے مگر چھانگا مانگا پولیس نے رنگ میں بھنگ ڈالنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی اور دور و نزدیک سے چھانگا مانگا پہنچنے والے نوجوانوں کے 60 سے زائد موٹر سائیکل تھانہ میں بند کر دئیے۔