بدین، سیم نالے میں پڑنے والا شگاف دو سو فٹ چوڑا ہوگیا، سو دیہات زیرآب، ہزاروں افراد کے متاثر۔
بدین میں ایل بی اوڈی سیم نالے میں پڑنے والا شگاف پانی کے تیزبہاؤ کے باعث مزید چوڑا ہوکردوسو فٹ ہوگیا ہے ، جس کی وجہ سے مزید سو دیہات زیرآب آگئے ہیں ،شگاف پڑنے سے ساحلی پٹی پر واقع دیہات احمد راجو، بوگڑہ میمن ،سیرانی، گڈھن، شادی لارج، پینگریو سمیت متعدد دیہات میں پانی داخل ہوچکا ہے، جس سے شہر میں قائم گرڈ اسٹیشن بھی متاثر ہوا ہے۔شہر کے نشیبی علاقوں سے شہریوں کی اکثریت پہلے ہی نقل مکانی کرچکی ہےتاہم اب بھی شہر میں بڑی تعداد میں موجود لوگ خطرات میں گھرے ہوئے ہیں۔دوسری جانب پاک فوج اور بحریہ کے جوان متاثرہ دیہات میں پھنسے افراد کو نکالنے میں مصروف ہیں اورخصوصی بوٹس کے ذریعے متاثرین کو ریلیف کیمپوں میں منتقل کیا جارہا ہےجبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قائم ریلیف کیمپوں میں متاثرین کوشدید مشکلات کاسامنا ہے اوروہ تاحال امداد کے منتظر ہیں۔