سعودی عرب : حجاج کے داخلہ اقدامات یکجا کرنے کے لیے "تصریح" پلیٹ فارم

Apr 15, 2025 | 12:49

سعودی عرب میں وزارتِ داخلہ نے حج کے اجازت ناموں کے لیے یکساں ڈیجیٹل پلیٹ فارم "منصة تصريح" کا آغاز کیا ہے۔ یہ اقدام سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلیجنس اتھارٹی (سدایا) کے ساتھ شراکت داری سے عمل میں آیا ہے۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے اندرونِ ملک اور بیرونِ ملک سے آنے والے حجاج کے لیے وہ لائسنس اور اجازت نامے جاری کیے جائیں گے جو انھیں مکہ مکرمہ اور مقدس مقامات میں داخل ہونے کا اختیار دیں گے۔ یہ نظام وزارتِ حج و عمرہ کے ساتھ تکنیکی مربوطیت کے ذریعے "نسك" پلیٹ فارم سے منسلک ہے۔سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی SPA کے مطابق "یہ پلیٹ فارم حج کے تمام کارکنان اور رضاکاروں، نیز اُنھیں لے جانے والی گاڑیوں کو مکہ مکرمہ اور مقدس مقامات میں داخلے کی اجازت دیتا ہے، اور ان اجازت ناموں کو جامع قومی ایپلیکیشن 'توکلنا' کے ذریعے دیکھا جا سکتا ہے"۔یہ پلیٹ فارم، جسے سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس اتھارٹی (سَدایا) نے تمام متعلقہ سرکاری اداروں کے ساتھ شراکت داری سے تیار کیا ہے، حج کے دوران سرکاری و خدماتی اداروں کے درمیان تکنیکی انضمام، اقدامات کی یکسانیت اور تنظیم، اور باہمی رابطے کو مضبوط بناتا ہے۔ یہ حاجیوں کو اعلیٰ معیار کی خدمات فراہم کرنے میں مدد دیتا ہے تاکہ وہ اپنے مناسک آسانی اور اطمینان کے ساتھ ادا کر سکیں۔ اس کا مقصد مملکتِ سعودی عرب کے ویژن 2030 کے تحت "ضيوف الرحمن" پروگرام کے اہداف کے حصول کو یقینی بنانا ہے۔واضح رہے کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم "منصة تصريح"، مکہ مکرمہ کے داخلی راستوں پر سیکورٹی اداروں کو موقع دیتا ہے کہ وہ "میدان" ایپلی کیشن کے ذریعے اجازت ناموں کو خود کار طریقے سے پڑھ سکیں اور ان کی تصدیق کر سکیں۔ یہ متعلقہ اداروں کے بیچ مربوط نظام کے ذریعے لائسنس اور اجازت نامے جاری کرنے کے سلسلے میں جدت پر مبنی ٹیکنالوجی کے حل پیش کرنے کا ماڈل ہے۔

 
 

مزیدخبریں