بدترین سلوک کرنے والا : چین ٹیرف سے نہیں بچے گا‘ ٹرمپ : آخری دم تک لڑنے کیلئے تیار : چینی تھنک ٹینک

Apr 15, 2025

واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ غیر منصفانہ تجارتی توازن پر کوئی ملک ٹیرف سے نہیں بچے گا۔ ایک بیان میں امریکی صدر نے کہا کہ ٹیرف سے خاص طور پر چین نہیں بچے گا جو ہم سے بدترین سلوک کرتا ہے اور ایران سے متعلق فیصلہ جلد کریں گے۔ ٹرمپ نے کہا کہ موبائل فونز پر ٹیرف کا اعلان جلد کریں گے لیکن اس میں تھوڑی لچک ہو گی۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ سیمی کنڈکٹر ٹیرف پر کچھ کمپنیوں کیلئے لچک ہوگی لیکن ابھی یہ واضح نہیں ہے تاہم سیمی کنڈکٹرز پر ٹیرف کی شرح کا اعلان اگلے ہفتے کریں گے۔ دوسری طرف چینی تھنک ٹینک سینٹر فار چائنا اینڈ گلوبلائزیشن کے نائب صدر مسٹر وکٹر گا نے کہا ہے کہ امریکہ سے تجارتی جنگ میں چین آخری دم تک لڑنے کے لیے ہر طرح سے تیار ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کو دئیے گئے انٹرویو میں کہا کہ دنیا اتنی بڑی ہے کہ امریکہ پر آ کر ختم نہیں ہو جاتی۔ انہوں نے کہا کہ چین 5 ہزار سال سے ہے اور اس میں زیادہ عرصہ وہ ہے جب امریکہ کا وجود بھی نہیں تھا، ہم تب بھی جینا جانتے تھے۔ نائب صدر وکٹر گا کا کہنا تھا کہ اگر امریکہ چین کو دھمکانا یا دبانا چاہتا ہے تو ہم اس صورتِ حال سے نمٹنا جانتے ہیں، ہم امریکہ پر انحصار کیے بغیر مزید5 ہزار سال بھی سروائیو کر سکتے ہیں۔امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ روس اور یوکرائن کے درمیان جنگ بائیڈن کی جنگ ہے میری نہیں، میرا اس جنگ سے کوئی لینا دینا نہیں میں تباہی روکنے پر کام کر رہا ہوں۔

مزیدخبریں