سری نگر(کے پی آئی) مقبوضہ جموں وکشمیر میں1لاکھ14ہزار سے زائد بچے غذائی قلت کا شکار ہیں۔ یہ بات محکمہ سماجی بہبود کے کمشنر سیکرٹری سنجیو ورما نے مقبوضہ جموں وکشمیرکے چیف سیکرٹری اتل ڈلو کی طرف سے بلائے گئے ایک اجلاس میں بتائی۔9 لاکھ14ہزارسے زائدافراد کو سپلیمنٹری نیوٹریشن اسکیم کا حصہ بنایاگیا ہے اوراسکیم سے استفادہ کرنے والوں میں سے 99 فیصد کی تصدیق ہو چکی ہے، اس طرح بدعنوانی کے کسی بھی امکان کو ختم کر دیا گیا۔ایک سرکاری ترجمان نے بتایا کہ سنجیو ورما چیف سکریٹری اٹل ڈلو کی طرف سے جموں و کشمیر میں محکمے کی طرف سے چلائی جا رہی متعدد اسکیموں کے اثرات کا جائزہ لینے کے لیے طلب کئے گئے اجلاس کو بریفنگ دے رہے تھے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 1,14,416کشمیری بچے غذائی قلت کا شکار ہیں جن میں سے 24,261 شدید غذائی قلت ، 69,177 عمومی غذائی قلت اور 20,978خون کی کمی کے شکار ہیں۔مقبوضہ جموں وکشمیرمیں ضلع پونچھ کے علاقے مینڈھر میں بارودی سرنگ کے ایک دھماکے میں ایک بھارتی فوجی زخمی ہوگیا۔ حکام نے بتایا کہ مینڈھر کے بالاکوٹ سیکٹر میں معمول کی گشت کے دوران فوجی اہلکارنے غلطی سے بارودی سرنگ پر قدم رکھا جس سے دھماکہ ہوا۔اس واقعے میں سپاہی ونود کمار شدید زخمی ہوا۔ اسے فوری طور پر علاج کے لیے راجوری ہسپتال منتقل کیا گیا۔
مقبوضہ کشمیر : ایک لاکھ 14ہزار بچے غزائی قلت کا شکار: بارودی سرنگ دھماکے میں ایک بھارتی فوجی زخمی
Apr 15, 2025