لاہور (لیڈی رپورٹر) وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ پنجاب کلچر ڈے نئی نسل کو اپنی تہذیبی جڑوں سے جوڑنے کا قومی دن ہے۔ کلچر اور تعلیم کا امتزاج بچوں کی کردار سازی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس موقع پر پنجاب کے تمام تعلیمی اداروں میں کلچر ڈے کی مناسبت سے خصوصی سرگرمیاں ہوتی رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں پنجاب کلچر ڈے منانا اپنی تاریخ، زبان، اقدار اور فکری میراث کو زندہ رکھنے کی کاوش ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ثقافتی دن پر روایتی سرگرمیوں کے ذریعے طلباء کو اپنی جڑوں سے جوڑ رہے ہیں، اس ضمن میں تعلیمی اداروں میں کلچر بیسڈ لرننگ کے فروغ کے لیے سنجیدہ اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ پنجاب کا طالبعلم علمی، تہذیبی اور سماجی طور پر ایک مکمل شہری بن سکے۔
پنجاب کلچر ڈے نئی نسل کو تہذیب سے جوڑنے کا قومی دن ہے:رانا سکندر حیات
Apr 15, 2025