سورج مکھی کی بہتر پیداوار کیلئے بروقت آبپاشی کی جائے،محکمہ زراعت
راولپنڈی(جنرل رپورٹر)سورج مکھی کی فصل خوردنی تیل کی ملکی پیداوار بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے، اس کے بیج میں اعلیٰ قسم کا چالیس فیصد سے زیادہ خوردنی تیل پایا جاتا ہے جو کہ انسانی صحت بالخصوص امراض قلب سے بچائو کے لیے نہایت مفید ہے ، اس کے علاوہ سب سے زیادہ اہم بات کہ یہ فصل 110سے 130دنوں میں پک کر تیار بھی ہوجاتی ہے ،محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے کہا ہے کہ سورج مکھی کی فصل سے بہتر پیداوار کے حصول کیلئے بروقت آبپاشی کی جائے ،کاشتکار سورج مکھی کی آبپاشی پر توجہ نہیں دیتے جس سے فی ایکڑ پیداوار میں کمی واقع ہوتی ہے۔ سورج مکھی کی بہاریہ فصل کو عام طور پر 5 آبپاشیوں کی ضرورت ہوتی ہے، سورج مکھی کو دوسرا پانی پہلے پانی کے تقریباً 20 دن بعد، تیسرا پانی پھول نکلتے وقت، چوتھا پانی بیج بننے کے عمل کے دوران اور آخری پانی بیجوں کی دودھیا حالت یا بیجوں کی بڑھوتری کے دوران لگانا چاہیے۔