اسلام آباد : امام کعبہ شیخ عبداللہ عواد الجہنی نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات میں کہا پاکستان اور سعودی عرب کا دکھ درداور منزل ایک ہے ، دہشت گردی کےخاتمے کے لیےمل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
تفصیلات کے مطابق امام کعبہ شیخ عبداللہ عواد الجہنی نے پارلیمان کا دورہ کیا اور اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی ملاقات میں پاکستان اورسعودی عرب تعلقات اورمسلم اُمہ کو مسائل پرتفصیلی گفتگو ہوئی۔
اسپیکرقومی اسمبلی نے کہا پاکستانی عوام سعودی عرب سےگہری وابستگی رکھتے ہیں۔ دوستی دونوں ممالک کے عوام کے دلوں میں رچی بسی ہے۔
اس موقع پر امام کعبہ کا کہنا تھا سعودی عرب پاکستان سےتعلقات کو وسعت دینا چاہتا ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کا دکھ درداور منزل ایک ہے۔ دہشت گردی کےخاتمے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
اس سے قبل امام کعبہ شیخ عبداللہ عواد الجھنی نے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے ملاقات کی تھی ۔ چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا پاکستان سعودی عرب سےتعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔مشکل وقت میں ساتھ دینے پرسعودی عرب کےشکرگزار ہیں۔
صادق سنجرانی نے کہا دو ہزار سے زائد قیدیوں کی رہائی پر شکر گزار ہیں ۔ سعودی سرمایہ کاری سے ترقی و خوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا۔امام کعبہ کا کہنا تھا پاکستان اسلامی دنیا کی بہت بڑی قوت ہے ۔ پاکستان اورسعودی عرب کی سلامتی ایک دوسرے سےمنسلک ہے ۔ اہم ایک دوسرے سے کٹ کر نہیں رہ سکتے ۔
شیخ عبداللہ عواد الجھنی نے کہا پاکستان کی اہمیت اور محبت کےپیش نظر عوام سے ملنا ہم پرواجب ہے۔ سعودی ولی عہدکادورہ غماز ہے کہ پاکستان کو کتنی اہمیت دیتے ہیں۔
شبلی فراز کا کہنا تھا امام کعبہ کی پاکستان آمدملک وقوم کے لیےخوشی کا باعث ہے ، کعبے سے نسبت کے مقابلے میں زمینی عہدوں کی اہمیت نہیں ، پاکستان اور سعودی عرب کا رشتہ ہر مشکل میں مزید مستحکم ہوا ہے۔
راجہ ظفرالحق نے کہا سعودی عرب سے عقیدت تعلقات کے استحکام کا باعث ہے ۔کوئی دوسرا ملک سعودی عرب کے برابر نہیں ہوسکتا۔