کراچی میں فیکٹری اور گاڑی میں آتشزدگی سے9افراد زخمی ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں سائٹ سپر ہائی وے پر گارمنٹس فیکٹری میں آتشزدگی سے 2 افراد زخمی ہوگئے جبکہ عبداللہ کالج کے قریب گاڑی میں آگ سے جھلس کر 7 افراد زخمی ہوگئے۔سائٹ سپر ہائی وے پر گارمنٹس فیکٹری میں لگی آگ پر 3 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد قابو پالیا گیا، آگ سے2 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے، شہر میں چلنے والی گرد آلود اور تیز ہوائوں کی وجہ سے آگ پر قابو پانے میں مشکلات کا سامنا رہا اور آگ نے بہت جلد پوری فیکٹری کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔فیکٹری میں ہوئی آتشزدگی کے نتیجے میں محمد جان اور رمضان نامی 2 افراد معمولی زخمی ہوئے جنہیں ہسپتا ل منتقل کیا گیا ۔فیکٹری مالکان نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ فائربریگیڈ نے دیر سے پہنچنے کی روایت برقرار رکھی جس کے باعث کروڑوں روپے کاسامان جل کر راکھ ہوگیا۔فائربریگیڈ حکام کے مطابق ،فیکٹری کے نچلے حصے پر بلیچ کیمیل موجود تھا، جس کی وجہ سے 70 فیصد فیکڑی میں آگ لگی۔ریسکیو حکام نے کہا کہ ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجوحات سامنے نہیں آسکیں ۔اس سے قبل فائر بریگیڈ حکام نے آگ کی اطلاع پر 2 گاڑیاں روانہ کیں تاہم آگ کی شدت دیکھتے ہوئے مزید 7 گاڑیاں اور 4 واٹر باوئزر بھیجے گئے۔ایک اور واقعہ میں عبداللہ گرلز کالج نارتھ ناظم آباد کے قریب گاڑی میں آگ لگنے سے 7 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔ریسکیو کے مطابق تمام زخمی افراد کو سول ہسپتا ل کے برنس وارڈ منتقل کر دیا گیا ۔
"ـکب ٹھہرے گا درد اے دل"
Mar 27, 2024