شہباز شریف نے چودھری نثار کی تجاویز سے نوازشریف کو آگاہ کردیا

15 اپریل 2018 (19:18)

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدروزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے سابق وزیرداخلہ چودھری نثارعلی خان کی اہم  پارٹی معاملات پر تجاویز سے پارٹی قائد سابق وزیراعظم محمد نوازشریف کو آگاہ کردیا ہے ۔پارٹی صدر  نے چودھری نثار کو یقین دہانی کروائی ہے کہ کسی کو پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان سے ملاقات کے بعد صدرنون لیگ سابق وزیراعظم  نواز شریف سے بھی ملے۔تفصیلات کے مطابق شہباز شریف سے چودھری نثار کی چند روز میں تیسری اہم ملاقات ہوئی۔ ماڈل ٹان لاہور میں ہونے والی ون آن ون ملاقات میں پارٹی امور اور ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ رپورٹس کے مطابق  چودھری نثار نے صدر مسلم لیگ نون سے شکوہ کیا کہ بعض پارٹی رہنماؤں نے ان کے خلاف ذاتی مخالفت کی مہم چلا رکھی ہے۔ جو پارٹی کے لیے بہتر نہیں، سابق وزیرداخلہ نے کہا کہ مسلم لیگ ن سے متعلق اداروں سے ٹکرا ؤکی پالیسی کے حوالے سے تاثر کی نفی کی ضرورت ہے۔اس موقع پر شہباز شریف نے یقین دہانی کرائی کہ پارٹی میں کسی کو بھی ڈسپلن خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔اس اہم ملاقات کے بعد وزیراعلی پنجاب شہبازشریف نے جاتی امرا میں نوازشریف سے بھی ملاقات کی اور چودھری نثار سے ہونے والی ملاقات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔شہباز شریف نے دورہ کراچی اور پشاور پر چوہدری نثار سے تبادلہ خیال کیا جبکہ اس موقع پر مسلم لیگ(ن)کو مضبوط بنانے اور آئندہ الیکشن کے بارے میں بھی گفتگو ہوئی۔ یاد رہے کہ شہباز شریف اور چوہدری نثار کی ایک ہفتے کے دوران یہ تیسری ملاقات ہے جبکہ اس سے قبل افواہیں سرگرم تھیں کہ چوہدری نثار پارٹی چھوڑ کر تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔