رستم کے پی کے نے پاک و ہند کے پہلوانوں کو چیلنج کر دیا
ملتان (سپورٹس رپورٹر) رستم خیبر پختونخوا فضل کیچ والا نے پاک و ہند کے پہلوانوں کو کھلا چیلنج دے دیا۔ انہوں نے یہ اعلان ملتان آمد پر پنجاب کے سپورٹس کوآرڈینیٹر ملک قمر عباس بھولا کی جانب سے دیئے گئے عشائیہ سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر ملک قمر عباس نے فضل کیچ والا کی دستاربندی بھی کی۔ عشائیہ میں ٹائٹل یافتہ راحیل بٹ پہلوان، پولیس کے انٹرنیشنل ریسلر نواب فرقان خان، عدنان خان اور ڈیرہ اسماعیل خان کے دنگل پروموٹر عبداللہ بھی موجود تھے۔ فضل کیچ والا نے دیسی کشتی میں اپنی حالیہ تین بڑی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صرف دو ہفتوں میں انہوں نے رستم پاکستان بلو شیخوپوری نادر ڈاھا اور حامد خان ملتان کو شکست دی ہے اور اب میرا پاک و ہند کے تمام پہلوانوں کو کھلا چیلنج ہے کہ وہ دنیا کے جس بھی کونے میں چاہیں وہ مقابلہ کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے میٹ ریلسنگ کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ گدا ریسلنگ کی بھی باقاعدہ تربیت حاصل کریں گے۔ قمر عباس بھولا نے کہا کہ فضل کیچ والا نے محنت کے بل بوتے پر اپنی صلاحیتوں کو منوایا ہے۔