مقتول عالم شیر کے قاتلوں کی گرفتاری تک چین سے نہیں بیٹھیں گے: خواجہ شفیق

15 اپریل 2018

ملتان (نمائندہ خصوصی) چیئرمین آل پاکستان انجمن تاجران خواجہ محمد شفیق نے کہا ہے کہ مقتول عالم شیر کے قاتلوں ‘ سہولت کاروں کی گرفتاری تک چین سے نہیں بیٹھیں گے بصورت دیگر قبضہ مافیا کے خلاف عوامی غم و غصہ پورے شہر میں پھیل جائے گا حالات کی ذمہ داری پولیس پر ہو گی ان خیالات کااظہار انہوں نے چوک شاہ عباس وہاڑی روڈ پر عالم شیر کے قاتلوں کی گرفتاری کے لئے چیمبر آف سمال ٹریڈرز اور ملحقہ تاجر تنظیموں کے زیراہتمام احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر پولیس ‘ قبضہ مافیا کے خلاف نعرے بازی کی گئی ‘ٹائر جلائے گئے روڈ بلا ک کر دیا گیا چند لوگ پورے شہر کو متاثر کر رہے ہیں آج شہری تاجر اور سیاسی شخصیات انصاف کے لئے جمع اور متحد ہیں ظالموں کو ان کے انجام تک پہنچائیں گے اور شہر کو قبضہ مافیا‘ کرائے کے قاتلوں سے پاک کریں گے۔ صدر چیمبر آف سمال ٹریڈرز عزیزالرحمن انصاری‘ سیاسی رہنماؤں حاجی الطاف بلوچ‘ شیخ سلمان نعیم‘ سجاد سیال‘ میاں ضمیل احمد‘ مقتول عالم شیر کے بھائی فلک شیر نے کہا کہ شہر کی بقا کے لئے قبضہ مافیا کے خلاف مقابلہ جرات کر رہے ہیں اگر عالم شیر کے قاتل گرفتار نہ ہوئے توقبضہ مافیا پھر سر اٹھائے گاکسی کو شہریوں کے حق پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے احتجاجی دھرنے سے مقتول عالم شیر کے والد حاجی اعجاز سیال مقتول کی ننھی بیٹی سمیت چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے عہدیداران چیئرمین احتشام الحق ‘ خواجہ یاسر اشفاق‘ حاجی اصغر اکبر و دیگر نے بھی خطاب کیا۔