موجودہ حالات مسلم لیگ (ن) کے خود پیدا کردہ ہیں: سینیٹر سسی پلیجو

15 اپریل 2018

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹر سسی پلیجو نے کہا ہے کہ موجودہ حالات مسلم لیگ (ن) کے خود پیدا کردہ ہیں ٗ پیپلز پارٹی نے مشورہ دیا تھا آئین کے آرٹیکل 62 کو بھی ٹھیک کرنا چاہیے ٗ مسلم لیگ (ن)نہیں مانی ۔ایک انٹرویومیں انہوںنے کہاکہ جب پاناما اسکینڈل آیا تو پیپلز پارٹی نے موقف اپنایا تھا کہ اس معاملے پر قانون سازی پارلیمنٹ ہاؤس میں ہونی چاہیے اور اس حوالے سے ہم مل کر ٹی او آرز بنائیں جس کیلئے پیپلز پارٹی نے آخری حد تک کوشش کی مگر کوئی حل نہیں نکل سکا۔انھوں نے کہا کہ جب اٹھارویں ترمیم پر کام ہورہا تھا تو پیپلز پارٹی نے یہ مشورہ دیا کہ آئین کے آرٹیکل 62 کو بھی ٹھیک کرنا چاہیے کیونکہ یہ جنرل ضیا کی باقیات میں سے ہے اور آنے والے وقتوں میں مسلم لیگ(ن) سمیت اور بھی لوگوں کیلئے مشکلات کا باعث بن سکتا ہے مگر مسلم لیگ(ن) پھر بھی نہیں مانی اور اب جو کچھ ہورہا ہے یہ اس کے خود قصوروار ہے۔