الیکشن کمشن نے پی ٹی آئی کے پارٹی اکاوئنٹس کی جانچ کیلئے ٹی او آرز وضع کر دیئے

15 اپریل 2018

اسلام آباد (این این آئی)الیکشن کمشن آف پاکستان کی جانچ پڑتال کمیٹی نے پاکستان تحریک انصاف کی مبینہ غیر ملکی فنڈنگ کے معاملے کی اسکروٹنی کیلئے ٹرمز آف ریفرینس (ٹی او آرز) وضع کردئیے۔ٹی او آر کے مطابق اسکروٹنی کمیٹی بیرونی فنڈنگ میں بے ضابطگیوں کے حوالے سے پی ٹی آئی کے مالی اسٹیٹمنٹ اور 2009 سے 2013 کے دوران 5 سال میں دیگر مالی اکائونٹس کا جائزہ لے گی۔کمیٹی اکبر ایس بابر کی جانب سے مبینہ غیر ملکی فنڈنگ کے حوالے سے جمع کرائی گئی تفصیلات کا بھی جائزہ لے گی۔ای سی پی کی جانب سے کمیٹی کو 30 روز کا وقت دیا گیا ہے جو روزانہ کی بنیاد پر کام کرکے حتمی رپورٹ کمیشن میں جمع کرادے گی۔یاد رہے کہ 12 مارچ کو چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کی سربراہی میں ای سی پی کے 5 رکنی بنچ نے بیرونی فنڈنگ کیس کے حوالے سے خصوصی کمیٹی تشکیل دی تھی۔پی ٹی آئی کے بانی رکن اکبر ایس بابر کی جانب سے نومبر 2014 میں بیرونی فنڈنگ کے حوالے سے دائر کیے گئے کیس کا یہ فیصلہ 3 برس بعد سامنے آیا تھا۔اکبر ایس بابر نے اس حوالے سے کہا تھا کہ کمیٹی کی تشکیل پی ٹی آئی اور اس کے قیادت کے اکاؤنٹ کے حوالے سے اہم پیش رفت ہے۔انہوڈںنے کہا تھا کہ تفتیش سے یہ بات سامنے آئے گی کہ کس طرح پی ٹی آئی مبینہ طور پر بیرون ممالک سے غیرقانونی اور بغیر دستاویزات کے فنڈز اکٹھا کرتی ہے۔