جاوید ہاشمی نے کبھی اسمبلی کے فلور پر الگ صوبے کیلئے آواز نہیں اٹھائی: عامر ڈوگر

15 اپریل 2018

ملتان (نامہ نگار خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و ایم این اے ملک محمد عامر ڈوگر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جاوید ہاشمی آپ کئی بار اسمبلی کے رکن بنے اور ایک دفعہ بھی آپ نے جنوبی پنجاب صوبے کی آواز اسمبلی کے فلور پر نہیں اٹھائی‘ اب اچانک آپ کو جنوبی پنجاب صوبے کی یاد کیسے آ گئی‘ اب جبکہ پاکستان تحریک انصاف جنوبی پنجاب صوبے کو اپنے انتخابی منشور میں شامل بھی کررہی ہے اور گزشتہ دنوں عمران خان نے اس بات کا اعلان بھی کیا کہ ہم اقتدار میں آ کر جنوبی پنجاب کو صوبہ بنائیں گے اور اس تمام تر کاوشوں اور محنتوں کا سہرا مخدوم شاہ محمود قریشی کو جاتا ہے جنہوں نے مسلسل جنوبی پنجاب کا مقدمہ پاکستان تحریک انصاف کے سامنے اٹھایا اور عمران خان کو قائل کیا کہ جنوبی پنجاب کی محرومی اور پسماندگی کا حل صوبہ ہے ہاشمی صاحب اگر آپ جنوبی پنجاب کے لوگوں سے اتنا ہی مخلص ہیں تو آپ سرائیکی صوبہ کے قیام پر کام کرنے والی مختلف تنظیموں میں سے ایک ایک تنظیم کو باقاعدہ جوائن کریں پھر پتہ چلے گا کہ آپ اپنے وسیب کے عوام سے کتنا مخلص ہیں۔