نواز شریف باہر رہ کر تحریک چلائیں یا جیل میں‘عوام ساتھ ہیں : سینیٹر جاوید عباسی
اسلام آباد (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما سینیٹر جاوید عباسی نے سپریم کورٹ کے آئین کے آرٹیکل 62 (1) (ایف) کے فیصلے کے تحت پارٹی کے قائد نواز شریف کی تاحیات نااہلی پر کہا ہے کہ لیڈرشپ کو کوئی بھی آدمی کسی فیصلے کے نتیجے میں ختم نہیں کرسکتا ٗعدالتوں نے پہلے بھی ایسے کئی فیصلے کیے ہیں۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر جاوید عباسی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور ان کی جماعت اس وقت ملک میں سب سے زیادہ مقبول ہیں۔انہوںنے کہاکہ نواز شریف اس ملک کے 3 مرتبہ وزیراعظم رہ چکے ہیں اب نواز شریف باہر رہ کر تحریک چلائیں یا جیل میں ہوں یا کسی بھی مقام پر بیٹھے ہوں، عوام نواز شریف اور مسلم لیگ(ن) کے ساتھ ہیں۔