انٹر ڈسٹرکٹ تبادلے‘ اساتذہ شٹل کاک بن کر رہ گئے

15 اپریل 2018

ملتان(نمائندہ نوائے وقت)اساتذہ کے تبادلے ایک خواب بن کررہ گئے ، اصلاحات کے نام پر ایجوکیشن آفیسرز سے اختیارات چھین لیے گئے ، ٹیچر رل گئے تفصیل کے مطابق محکمہ تعلیم میں تبادلوں پر پابندی کے خاتمے کے بعد درخواستوں کی وصولی کاعمل جاری ہے ، جس کے لئے اساتذہ کو مشکلات کا سامنا ہے ، ایک سیٹ کیلئے ایک فارم ہے جو ایک رجسٹرڈ کے برابر ہے ، ذرائع کا کہناہے کہ انٹر ڈسٹرکٹ تبادلے کیلئے ٹیچر شٹل کاک بن گئے ، جبکہ ڈسٹرکٹ میں تبادلے کیلئے آنیوالی کوئی درخواست بھی مکمل نہیں ہے اس لئے تمام عمل تعطل کا شکار ہوجائے گا، اصلاحات اور میرٹ کے نام پر ایجوکیشن آفیسرز سے اختیارات لے لئے گئے ، 80کی دہائی تک کسی درخواست کی بھی ضرورت نہیں پڑتی تھی مگر اب میرٹ کا ڈھونگ رچا دیا گیا ہے جس کی وجہ سے سیٹں خالی رہ جاتی ہیں اور طلبا کا نقصان ہوتا ہے ۔ جبکہ محکمہ تعلیم کے دفاتر آج صوبے بھر میں کھلے رہیں گے اس سلسلے میں جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ محکمہ تعلیم کے دفاتر آج معمول کے مطابق کھلیں گے اور اساتذہ کے تبادلوں کے حوالے سے درخواستیں وصول کی جائیں گی علاوہ ازیں 16اپریل کو بھی درخواستیں وصول کی جائیں۔