آج ملتان میں ریلی کل اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ ہو گا: پنجاب ٹیچرز یونین
ملتان (نمائندہ نوائے وقت) پنجاب ٹیچرز یونین کے زیر اہتمام آج نواں شہر چوک سے ملتان پریس کلب تک مطالبات کے حق میں شام ساڑھے چھ بجے بعد نماز مغرب ریلی نکالی جائے گی جس کی قیادت پنجاب ٹیچرز یونین کے سینئر نائب صدر پنجاب رانا الطاف حسین ضلعی صدر چودھری محمد حسین طاہر وڑائچ کریں گے جبکہ کل 16 اپریل کو ملتان سے اسلام آباد تک پنجاب ٹیچرز یونین کے زیر اہتمام لانگ مارچ کا آغاز ہو گا جس میں ملتان سمیت جنوبی پنجاب سے اساتذہ کے قافلے کثیر تعداد میں شرکت کریں گے اساتذہ کارکنوں کا لانگ مارچ 17 اپریل کو اسلام آباد پہنچے گا اور پریس کلب اسلام آباد سے پارلیمنٹ ہاوس کے سامنے لانگ مارچ کے شرکاء پہنچ کر احتجاجی دھرنا دیںگے اس سلسلے میں اساتذہ رہنما رانا الطاف حسین نے کہا ہے کہ اگر اساتذہ کے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو اساتذہ سروں پر کفن باندھ کر حکمرانوں کے خلاف مزاحمتی تحریک چلانے سے بھی گریز نہیں کریں گے دنیا کا واحد ملک پاکستان ہے جہاں پر اساتذہ سڑکوں پر دھکے کھاتے نظر آ رہے ہیں جبکہ دنیا بھر میں اساتذہ کو عزت دی جاتی ہے۔