یہودی آباد کاروں کی طرف سے نابلس کی مسجد کو آگ لگانے کے خلاف احتجاج

15 اپریل 2018

غزہ (آن لائن) اسرائیلی فوج کی سرپرستی میں دسیوں ہودی شرپسندوںکی طرف سے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں ایک مسجد پر آتش گیر مادہ چھڑک کر اسے آگ لگا نے کے واقعہ کے خلاف فلسطینی سراپا احتجا ج بن گئے۔عرب ٹی وی کے مطابق یہ واقعہ نابلس کے جنوبی قصبے عقربا میں اس وقت پیش آیا جب صہیونی شرپسندوں نے جامع مسجد ’الشیخ سعادہ’ پر تیل اور آتش گیر مادہ چھڑکا اور اسے آگ لگا دی تھی۔عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ مسجد کو شہید کرنے والے صہیونی مجرموں نے مسجد کی بیرونی دیواروں پر اشتعال انگیز نعرے بھی تحریر کیے تھے۔مقامی شہریوں نے بتایا کہ یہودی آباد کاروں نے رات کی تاریکی میں مسجد کو آگ لگائی۔ جب شہری نماز فجر کے لیے مسجد پہنچے تو مسجد جل کر خاکستر ہو چکی تھی۔سماجی کارکن غسان دغلس نے بتایا کہ مسجد کے قریب لگے کیمروں میں مسجد پر آگ لگانے والے افراد کو دیکھا جا سکتا ہے۔انہوں نے چہرے کپڑوں سے لپیٹ رکھے ہیں۔ وہ پہلے مسجد کی طرف آتش گیر مادہ لے کر بڑھتے ہیں اور اس کے بعد مسجد کو آگ لگا دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مسجد کے اطراف میں المغیر، مشرقی اللبن اور بیتا جیسے علاقے ہیں۔