فیصلوں سے قطع نظر عوام کے دلوں میں محمد نواز شریف کی محبت کانقش قائم ہے ، حاجی پرویز خان

15 اپریل 2018

راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ)پاکستان مسلم لیگ(ن)میٹرو پولٹن راولپنڈی کے جنرل سیکریٹری حاجی پرویز خان نے کہا ہے کہ قطع نظر تما م فیصلوں کے قائد پاکستان مسلم لیگ(ن) محمد نواز شریف کی عوامی مقبولیت اور ہر دلعزیزی قائم و دائم ہے اور وقت ثابت کرے گا کہ ان کے خلاف قائم کئے گئے مقدمات کے باوجود آئندہ انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ووٹ بنک میں نمایاں اضافہ ہو گا۔ ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ میاں محمد نواز شریف نے بے لوث عوامی خدمت کی جو اعلی مثال قائم کی ہے اس کی وجہ سے عوام کے دلوںمیں ان کی محبت کانقش قائم ہے جسے کوئی مٹا نہیں سکتا۔ حاجی پرویز خان نے کہاکہ عمران خان کی طرح آصف علی زرداری کو بھی اقتدار تک پہنچنے کے خواب آرہے ہیں ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھ کر اقتدار کے مزے بار بار نہیں لوٹے جاتے آج کے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے دور میں عوام جھوٹوں اور منافقوں کو خوب جانتے ہیں زرداری اور نیازی دونوں کا گٹھ جوڑ سب کی نظر میں ہے ایک دوسرے کے مخالف بیان بازی سے عوام کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونکی جاسکتی۔ انہوں نے کہاکہ جہاں پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی عوام کو گمراہ کرنے کے جتن کر رہی ہے وہاں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت سیاسی مخالفت سے قطع نظر ملک و قوم کی خدمت کے لئے خود وقف کئے ہوئے ہے اور ترقیاتی منصوبے تیزی سے پائیہ تکمیل تک پہنچ رہے ہیںجن کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں۔ حاجی پرویز خان نے کہا کہ پاکستان کی جڑیں کاٹنے والے ملک و قوم کے کبھی خیر خواہ نہیں ہوسکتے جنہوں نے پاکستان میں اپنی احتجاجی سیاست سے ترقیاتی پروگرام سبوتاژ کرنے کی ہر بار کوشش کی اور جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیا گیا انہیں اب انتخابات میں شدید عوامی رد عمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔انہوں نے کہاکہ عوام سچ کا ساتھ دیں گے اور وہ مفاپرست ٹولے کو کبھی من مانی کی اجازت نہیں دیںگے۔