ملک کی تر قی، خوشحالی کیلئے تعلیم اور جمہوریت کو فروغ دینا ہو گا: راجہ ظفرالحق

15 اپریل 2018

اسلام آباد (آئی این پی) ملک کی ترقی وخوشحالی اور استحکام کیلئے تعلیم اور جمہوریت کو فروغ دینا ہوگا اور اگر ان دوچیزوں کو اپنا نصب العین بنا لیا جائے تو پاکستان کو کسی بھی ملک سے کوئی خطرہ نہیں ہوسکتا۔ راجپوت برادری جرأت و بہادری کی علامت ہے، تحفظ پاکستان کیلئے اس برادری نے جتنی قربانیاں دی ہیں انکو تاریخی اعزاز حاصل ہے جو ان سے چھینا نہیں جاسکتا۔ ان خیالات کا اظہار قائد ایوان سینٹ سینیٹر راجہ محمد ظفر الحق نے آل راجپوت انٹرنیشنل ایسوسی ایشن کے زیراہتمام اچیومنٹ ایوارڈ تقریب سے جناح کنونشن سینٹر میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ راجہ محمد ظفر الحق نے کہا کہ اگر پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے تو ملک کی تمام برادریوں کو ساتھ لے کر آگے بڑھنا ہو گا۔ اس ملک میں بسنے والی برادریاں پاکستان کا گلدستہ ہیں اور راجپوت برادری اس گلدستے میں گلاب کے پھول کی حیثیت رکھتی ہے۔ آج کا دن راجپوت برادری کیلئے تاریخی دن ہے، آج کی تقریب میں ملک بھر سے راجپوت برادری سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی ہے جس کا مقصد پاکستان کو مزید مستحکم کرنا ہے۔ باہمی اتحاد واتفاق سے ملکر ملک کو ہمیں مضبوط بنانا ہے اور اس سے کوئی بھی دشمن ملک پاکستان پر غلط نگاہ ڈالنے کی جرات نہیں کر سکتا۔ مسلم اُمہ پر ہونیوالے ظلم وزیادتی کو روکنے کیلئے ہم سب کو مل کر متحدہ عملی اقدامات اٹھانا ہونگے۔ تقریب میں مختلف قراردادیںبشمول دہشتگردی کی مذمت، کشمیریوں کیساتھ اظہار یکجہتی، توانائی بحران کیخلاف بھی پیش کی گئیں اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے عہدیداران کو گولڈ میڈلز اور شیلڈز سے بھی نوازا گیا۔