کویت میں حجاب مہم پرسیاسی حلقوں میں نیا تنازعہ کھڑا ہو گیا

15 اپریل 2018

کویت سٹی(این این آئی)خلیجی ریاست کویت کی وزارت اوقاف و مذہبی امور کی جانب سے خواتین میں حجاب کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کی مہم پر ملک کے سیاسی حلقوں میں ایک نیا تنازع کھڑا ہو گیا ۔عرب ٹی وی کے مطابق تنازع کا سبب ایک بل بورڈ بنا ہے جس پر ایک محجب دو شیزہ کی تصویر کے ساتھ حجابی ۔ بہ تحلو حیاتی‘حجاب میری زندگی کا زیور ہے، کے الفاظ تحریر ہیں۔دوسری جانب کویت کے لبرل سیاسی حلقوں نے اس بل بورڈ پر اعتراض کیا اور کہا کہ کویت کا دستور اس طرح کی مہمات کی اجازت نہیں دیتا۔سیاسی طورپر اس بل بورڈ کی مخالفت کرنے والوں میں رکن پارلیمان صفاء الھاشم پیش پیش ہیں۔انہوں نے متنازع بل بورڈ اور حجاب مہم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حجاب خواتین کا ایک نجی معاملہ ہے۔ اسے سرکاری مہم کے طورپر پیش نہیں کرنا چاہیے۔اس اشتہار کے حوالے سے سوشل میڈیا پر بھی گرما گرم بحث جاری ہے۔ بعض حلقے اسے اسلام میں خواتین کی بنیادی ذمہ داری کے طورپر پیش کرتے ہیں جب کہ بعض نے حجاب کے معاملے میں روایت پسندی ترک کرنے پر زور دیا ہے۔