شام پر امریکی حملے کا مقصدگریٹر اسرائیل کی راہ میں رکاوٹیں ختم کرنا ہے

15 اپریل 2018

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک) سپریم شیعہ علماء بورڈکے سرپرست اعلی وتحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ آ غا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ شام پر امریکی حملے کا مقصد عوام کی ہمدردی نہیںگریٹر اسرائیل کی راہ میں رکاوٹیں ختم کرنا ہے ، سپریم کورٹ کے فیصلے کا فیصلہ مستقبل کرے گا دشمن پاکستان کوزیر کرنے پر تلا ہے قومی ادارے ایک دوسرے کو زیر کررہے ہیں ، مسلم حکمران استعماری کٹھ پتلیاں بن چکے ہیں اپنی مرضی سے ہمدردی کا بیان بھی جاری نہیں کرسکتے ، عالم اسلام متحد نہ ہوا اور ایک مسلم ملک پر حملہ عالم اسلام پر حملہ نہ سمجھا گیا تواستعماری عفریت ایک ایک کرکے سبھی مسلم ممالک کو نگلتا جائے گا،عالم ا سلام سے مایوس کشمیری و فلسطینی یاد رکھیں راہ حسینیت و شہادت پر گامزن قوم کو کوئی طاقت شکست سے دوچار نہیں کر سکتی اتوار 28رجب کو نواسہ رسول ؐ کی مدینہ سے کربلا روانگی کی یاد میں یوم سفر شہادت منایا جائے گا،حضور ؐ نبی کریم کی بعثت انسانیت پر خداوند عالم کا احسان عظیم ہے امت مسلمہ تعلیمات مصطفوی ؐسے جڑی رہتی تو کبھی اغیار کے حملوں کا نشانہ نہ بنتی ۔ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے عید مبعث الرسول ؐ کے موقع پر ہیڈ کوارٹر مکتب تشیع میں خطاب کرتے ہو ئے کیا۔ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ دنیا میں کیمیاوی ہتھیاروں کے سب سے بڑے ذخیرے کے مالک انسانی حقوق کے چپمپیئن امریکہ کے دل میں شام سے تھوڑے فاصلے پر موجود غزہ میں ذبح ہوتے معصوم بچے اور کیمیاوی ہتھیاروں سے بدتر پیلٹ گنوں سے چھلنی کشمیری عوام کی محبت کا جذبہ کیوں بیدار نہیں ہو تا،بحرین یمن مصر نائیجیریالیبیا میں بدترین دہشت گردیوں کے شکار عوام کیوں نظر نہیں آتے ؟اس سوال کا جواب تلاش کرنا کسی ذی ہوش کیلئے ناممکن نہیں کہ امریکہ کو مسلم عوام نہیں اسرائیل کی حفاظت درکار ہے ۔