لیگی حکومت جنوبی پنجاب کے مسائل پر خصوصی توجہ دے رہی ہے : چوہدری جعفر اقبال
اسلام آباد( نیوز ڈیسک ) سنیئر مرکزی راہنما مسلم لیگ ن چوہدری محمد جعفر اقبال سے اُن کی رہائش گاہ پر جنوبی پنجاب مسلم لیگ ن کے ایک وفد نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں جنوبی پنجاب کے مجموعی مسائل زیر غور رہے اس موقع پرچوہدری محمد جعفر اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے جنوبی پنجاب کے مسائل پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے تعلیم ، صحت اور مواصلات کے شعبہ میں انقلابی اقدامات کیے ۔ مسلم لیگ ن کی حکومت نے پارٹی قائد میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک بھر اور بالخصوص جنوبی پنجاب کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کر کے عوامی اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کی ہے۔ اگر اللہ پاک نے چاہا تو اسی عوامی اعتاد کے ساتھ مسلم لیگ ن 2018 کے الیکشن میں بھی کامیابی حاصل کر کے اس سے بھی بڑھ کر خدمت کرے گی ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے پنجاب بھر اور خاص کر جنوبی پنجاب میںاربوں روپے کے ترقیاتی فنڈز دیئے،سڑکوں کا جال بچھایا گیا ۔ ملتان میں میٹرو سروس کی تکمیل سے شہری آبادی کو بہترین سفری سہولت فراہم کی گئی۔ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے غریب عوام کے لیے تعلیم اور صحت کی سہولیات کی مفت فراہمی کو یقینی بنایا گیا۔ نئے تعلیمی ادارے اور ہسپتال قائم کر کے جہاں کمی تھی اُسے دور کرنے کی کوشش کی گئی۔جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع کی نمائندگی کرنے والے وفد نے پاکستان مسلم لیگ ن کے ساتھ اپنی والہانہ وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب جنوبی پنجاب کی سنیئر مسلم لیگی قیادت سنیٹر چوہدری محمد جعفر اقبال کی قیادت میں مسلم لیگ ن کے ساتھ کھڑے ہیں اور انشاء اللہ 2018 کے الیکشن میںجنوبی پنجاب سے مسلم لیگ ن پہلے سے بھی بھاری اکثریت حاصل کرے گی۔