رمضان بازاروں کوبروقت فعال کیا جائے: لارڈ میئر
لاہور (خبرنگار)لارڈ میئر بلدیہ عظمیٰ کرنل ( ر) مبشر جاوید نے کہا ہے کہ تمام رمضان بازاروں کو بروقت فعال بنایا جائے ۔ جگہوں کا انتخاب کرتے وقت لوگوں کی سہولت کا خیال رکھا جائے ۔ تمام متعلقہ افسران رمضان بازاروں کے حوالے سے سامان کی لسٹیں تیار کریں ۔ وہ جناح ہال میں تمام زونوں کے ڈپٹی چیف افسران کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے ۔ اس موقع پر چیف آفیسر سردار نصیر ایم او (انفرا) خان قیوم ، ایم او فنانس ، ڈائریکٹر ایڈمن امین اکبر چوپڑا ، ایم او (ریگولیشن ) علی عباس بخاری ، پی ایس او میاں وحید الزمان ، سی پی آر او ڈاکٹر ندیم الحسن گیلانی کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہا سامان کی خریدو فروخت میں تمام قانونی تقاضے پورے کئے جائیں اور اگر ضرورت محسوس کریں تو نئے ٹینڈر کر لئے جائیں لیکن رمضان بازاروں میں سستے داموں اشیائے خوردونوش کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔