تعلیمی ترقی سے غربت ‘ جہالت‘ پسماندگی کا خاتمہ ہوگا: گورنر پنجاب

15 اپریل 2018

لاہور(خصوصی رپورٹر) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ تعلیمی ترقی سے ہی غربت ‘ جہالت پسماندگی کا خاتمہ ہوگا۔ اور اہل پاکستان آپس میں مثالی اتحاد ‘یکجہتی اور کمٹمنٹ کے ساتھ کمربستہ ہو کر پاکستان کو دنیا کی عظیم مملکت بنانے کے مقاصد کے حصول کی جدو جہد جاری رکھیں۔ یہ بات انہوں نے علم بڑھائو غربت مٹائوسلوگن کے ساتھ جناح کنوینشن سینٹر اسلام آباد میں کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ کنونشن میں راجہ محمد ظفر الحق‘ قطب الدین ‘ کنور دلشاد ‘رانا کامران افضل ‘ رائو فیصل رحمن نے شرکت کی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ مجھے بھی راجپوت ہونے پر فخر ہیے راجپوت قبیلے کی خدمات روشن ہیں۔ ہماری پہلی ترجیح پاکستان استحکام پاکستان‘ جمہوری اداروں کا فروغ ‘ آئین و قانون کی پاسداری ‘ سماجی انصاف کی فراہمی ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ہمیں شہدا کی قربانیوں پر فخر ہے۔ افواج پاکستان ‘ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سول سوسائٹی کی قربانیوں سے پاکستان میں امن ہوا اور دہشت گردی کے خاتمے مدد ملی ۔ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ ہماری پہلی ترجیح ہمارا ملک پاکستان ہے جو ہمارے لئے اللہ تعالیٰ کی نعمت ہے اور عظیم قربانیوں کا ثمر ہے ہمیں اس کی لاج رکھنی ہے۔