ڈاکٹر مختار احمد نے اعلیٰ تعلیم کے شعبہ میں بے شمار اصلاحات کیں: معصوم یاسین زئی

15 اپریل 2018

لاہور ( خصوصی رپورٹر )پاکستانی جامعات کے وائس چانسلرز نے ہائر ایجوکیشن کمیشن سیکرٹریٹ میں بروز ہفتہ منعقد ہونے والے وائس چانسلرز فورم میں چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد ، جن کی مدت بحیثیت چیئرمین مکمل ہونے جا رہی ہے ، کی اعلی تعلیم کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔ وائس چانسلرز فورم میں جامعات کے سربراہان کی بڑی تعداد نے ذاتی طور پر اور ویڈیو کانفرنسگ کے ذریعے شرکت کی ۔ اس موقع پر چیئرمین وائس چانسلرز کمیٹی ڈاکٹر معصوم یاسین زئی نے کہا کہ میں تمام جامعات کے سربراہان کی جانب سے ڈاکٹر مختار احمد کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ جنہوں نے ملک میں اعلی تعلیم کے شعبہ کی بہتری کے لیے بہترین خدمات سر انجام دیں ۔ انھوں نے کہا کہ ڈاکٹر مختار احمد نے اعلی تعلیم کے شعبے میں بہت کام کیا ہے اور بہت سی اصلاحات کی ہیں ۔