پی ٹی آئی کا قومی وصوبائی اسمبلی کی نشستوں پر5 فیصد ٹکٹ خواتین کو دینے کا فیصلہ
لاہور ( لیڈی رپورٹر )تحریک انصاف کی طرف سے قومی اور صوبائی اسمبلی کے حلقوں پر 5فیصد خواتین امیدوارہو ں گی، خواتین کوپی ٹی آئی میں الیکشن لڑنے کاپوراموقع دیاجارہاہے، ،تحریک انصاف کی عملی سیاست میں مرداورخواتین کا کردار برابر ہے ، خواتین کا ملکی سیاست میں رول کم ہے جو کہ سراسر ناانصافی ہے خواتین کو سیاست میں اپنا کر دار ادا کر ناچاہیے اور مزیدآگے آنا چاہیے ، پی ٹی آئی برابری کی قائل ہے اس لیے اپنے منشور میں خواتین کو کام کر نے کا برابر حق دیا گیا ہے جو عہدہ مردر کھ سکتے ہیں ان پر خواتین بھی آسکتی ہیں ، پارٹی میں وومن ونگ الگ بنایا گیاہے ۔ مقررین نے ان خیا لات کااظہارگزشتہ روزپاکستا ن تحریک انصاف این اے 133کے زیر اہتمام مقامی شادی ہال میں خواتین ورکز کنونشن سے خطاب میںکیا۔ مقررین میں سینئر مرکز ی رہنما اعجاز احمد چوہدری،ڈاکٹر یاسمین راشد، شنیلاورت ایم پی اے ، نوشین حامد معراج ایم پی اے ،سعدیہ سہیل رانا،ثوبیہ کمال خان ، مسرت جمشید چیمہ ،عالیہ حمزہ ملک ، ڈاکٹر انیسہ ، تنزلہ عمران اور سمیرا عابد ودیگرشامل تھے۔مقررین نے کہاکہ خواتین نے این اے 133 کے ہر محلے ، گھر اور گلی گلی جا کر عمران خان کا پیغام پہنچانا ہے ، 29اپریل کو پی ٹی آئی مینار پاکستان پر عظیم الشان جلسہ کر ے گی جس میں اگلے نئے آنے والے وزیر اعظم عمرا ن خان تاریخی خطا ب کر یں گے ، عمرا ن خان ملک میںتبدیلی اور کرپٹ مافیا سے نجات کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہے ہیں۔ خواتین کو اپنے پچوں کے بہتر مستقبل اور اچھی تعلیم کے لیے باہر نکالنا ہو گا عمران خان کا ساتھ دیںاور اپنے ووٹ کا حق ادا کریں ،تحریک انصاف واحد جماعت ہیں جس میں خواتین کو عزت دی جاتی ہے ،آج پاکستا نی خواتین معاشرے میں بے پناہ مسائل کا شکار ہے موجودہ حکومت نے خواتین کے مسائل کے حل کے لیے عملی طور پر کچھ بھی نہیں کیا، ملک میں خواتین کو آگے بڑھنے کے لیے برابری کے مواقع میسر نہیں،معاشرے کی تربیت اور ملکی تر قی و خوشحالی میں خواتین کا اہم رول ہے ،پی ٹی آئی کمزور اور مظلوم خواتین کے شانہ بشانہ کھڑی ہیںاور اُن کو حقوق دلانے تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔