رکاوٹوں کے باوجود ملک میں ترقی کا سفر جاری ہے: کامران مائیکل
شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر شماریات سینیٹر کامران مائیکل نے کہا کہ اہل یا نااہل کا فیصلہ پاکستان کے 22 کروڑ عوام کرینگے اس طرح کی نااہلی کا فیصلہ طیارہ کیس میں بھی آیا لیکن جس نے ملک کا آئین توڑا اس کے لیے کسی قسم کا کوئی سوموٹو ایکشن نہیں یہ وہی فیصلہ ہے جس سے شہید بھٹو کو پھانسی چڑھایا گیا اور بینظیر بھٹو کو شہید کیا گیا آج پھر پاکستان کے تیسری مرتبہ منتخب وزیراعظم کو تاحیات نااہل کیا گیا مسلم لیگ (ن) نے پانچ سال کے دوران رکاوٹوں کے باوجود ترقی کا سفر جاری رکھا۔ 28 جولائی کا فیصلہ آیا تو لوگ توقع کر رہے تھے کہ (ن) لیگ کی حکومت ختم ہو جائے گی لیکن آج بھی عزت کی سیاست کا سفر جاری ہے۔ آج حکومت اپنی مدت پوری کر رہی ہے اور ملک کی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاست کے فیصلے صرف اور صرف پولنگ سٹیشنوں پر ہوتے ہیں اور عوام ہی سیاست کے فیصلے کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے مسلم لیگ (ن) اقلیتی ونگ کے ضلعی جنرل سیکرٹری وامیدوار صوبائی اسمبلی چوہدری وسیم انجم سندھو کی طرف سے دئیے گئے عشائیہ میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیااس موقع پررکن صوبائی اسمبلی شکیل آئیون کھوکھر ، بشپ ایوب خاور ،چوہدری عمانوئیل سندھو ،چوہدری برکت مسیح کھوکھر ،جاوید طارق باجوہ کونسلر ، ممبر زضلع کونسل عارف مسیح چوہدری ، شہزاد کھوکھر ،عزیز خوشی ، صوبہ انجم ،آصف سہوترہ ،یونس مسیح،روبن بھٹی سمیت دیگر موجود تھے ۔