نوازشریف نے کبھی سندھ کے مسائل کو اہمیت نہیں دی : مراد علی شاہ

15 اپریل 2018

سیہون شریف ( نا مہ نگار) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی سندھ سے دشمنی کی ایک طویل تاریخ ہے۔پاکستان مسلم لیگ ن کے وزیر اعظم نواز شریف نے وزیر اعظم کا منصب سنبھا لنے کے بعد کبھی بھی سندھ میں قیام نہیں کیا اور نہ ہی سندھ کے لوگوں کے مسائل حل کیے۔ انہوں نے یہ بات اپنے والد سابق وزیراعلیٰ سندھ سید عبداللہ شاہ کی 11ویں برسی کے موقع پر آبائی گاﺅں واہوڑ مراد علی شاہ تعلقہ سہون میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی، صوبائی وزرائ نثار کھڑو، منظور وسان ،سہیل انورسیال ، جام خان شورو ، سید ناصر شاہ ، مکیش کمار چاولہ ، تیمور تالپور ، سید غنی، اراکینِ صوبائی اسمبلی ڈاکٹر بہادر ڈاھری ودیگر نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما نواز شریف نے کبھی بھی سندھ کو اور ان کے لوگوں کے مسائل کے حل کو اہمیت نہیں دی ہے۔انہوں نے صرف زبانی باتیں کیں لیکن سندھ کے لوگوں کے مسائل کے حل کے حوالے سے ان کا کردار صفر ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے اپنے دورِ وزارت عظمیٰ کے دوران سندھ میں بدترین لوڈ شیڈنگ کی اور انہوں نے سندھ کے لوگوں کو این ایف سی میں ا±ن کا جائز حصہ بھی نہیں دیا اور انہوں نے نیشنل ایکشن پلان (این اے پی) کے تحت دیئے جانے والے فنڈز بھی جاری نہیں کیے۔ انہوں نے اس کے بجائے سندھ کے فنڈز سے کٹوتیاں کیں۔ شہباز شریف کے دروہ کراچی سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ موسمی مینڈک کی طرح یہ بھی (شہباز شریف) باہر آئے ہیں کیونکہ عام انتخابات ہونے والے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کے بھائی کی نااہلی کے بعد انہوں(شہباز شریف) نے اپنی جماعت کی صدارت سنبھالی ہے اور انہوں نے اس حقیقت کو مانا ہے کہ سندھ اہم صوبہ ہے جہاں پر ووٹرز کی ایک بڑی تعداد رہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ کے دورے کے کوئی خاطر خواہ نتائج نہیں نکلے گے کیونکہ سندھ کے لوگ اچھی طرح سے یہ بات جانتے ہیں کہ آپ کا دورہ اور آپ کے وعدے گرم پانی کے بلبلے کی طرح ہیں۔مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ کے لوگوں نے ہمیشہ پاکستان پیپلزپارٹی کے ساتھ تعاون کیا ہے کیونکہ یہ پاکستان پیپلزپارٹی ہی ہے جس نے اپنے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو سے لیکر قائد شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو سے لیکر آصف علی زرداری سندھ کے لوگوں کی خدمت کررہے ہیں بلکہ یہ کہنا چاہیے کہ پورے پاکستان کے لوگوں کی بلاتفریق خدمت کررہے ہیں۔پاکستان پی پی پی پی کے صدر آصف علی زرداری سے متعلق بات کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ انہوں نے اٹھارویں ترمیم دی اور انہوں نے پہلا متفقہ این ایف سی ایوارڈ دیا۔اب چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کی باری ہے جوکہ ملک کو معاشی ، دفاعی لحاظ سے مستحکم کریں گے۔اپنے والد سید عبداللہ شاہ جو کہ سندھ کے سابق وزیر اعلیٰ تھے کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ایک پیار کرنے والے اور شفیق باپ تھے جنہوں نے اپنے بچوں کو اچھی تعلیم دی۔انہوں نے کہا کہ وہ انہیں اور ان کے بھائی اور بہنوں کو اسکول سے خود لیتے تھے۔بطور وزیر اعلیٰ سندھ سید عبداللہ شاہ کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار کھڑو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سید عبداللہ شاہ سندھ کے ایک بہادر سپوت تھے۔نثار کھڑو نے کہا کہ عبداللہ شاہ کو شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو کا ورکر ہونے پر فخر تھا۔ عبداللہ شاہ بطور وزیر اعلیٰ سندھ غریب دیہاتیوں کے ساتھ گندھے فرش پر ان کے ساتھ بیٹھ جاتے تھے۔ان کا سندھ اور سندھ کے لوگوں کے ساتھ بہت پیار تھا۔
مراد علی شاہ