میونسپل کمیٹی تلہ گنگ میں مسائل کے انبار ہیں، سردار ذوالفقار دلہہ

15 اپریل 2018

تلہ گنگ(نامہ نگار) ممبر صوبائی اسمبلی سردار ذوالفقار علی خان دلہہ نے کہا ہے میونسپل کمیٹی تلہ گنگ میں مسائل کے انبار ہیں ۔کوئی ایک کام نہیں ہو رہا ۔اُلٹا جو کام ہم کرا رہے ہیں اس میں بھی روڑے اٹکائے جا رہے ہیں ۔ایم سی کا آڈٹ کرایا جائیگا ۔کتنی آمدن ہے اور خرچ کہاں کی جا رہی ہے ۔اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر تلہ گنگ سے درخواست کی جائیگی ۔ہم نے اپنے پانچ سالہ دور اقتدارمیں روڈز ،ایجوکیشن ،ہیلتھ و دیگر شعبوں میں بڑا کام کیا ۔تاہم ابھی بھی بہت سارا کام باقی ہے تلہ گنگ میں ہفتہ کو صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 13کروڑ کی لاگت سے سیوریج سسٹم پر کام شروع ہوا ۔لیکن بد قسمتی سے میونسپل کمیٹی تلہ گنگ کے ذمہ داران اس کام کی تکمیل میں روڑے اٹکا رہے ہیں ۔جس کی وجہ سے شہر بھر میں روڈز کی بحالی کا کام بھی رکا ہوا ہے اُنہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے مہیا کردہ گرانٹ بھی میونسپل کمیٹی تلہ گنگ میں بر سر اقتدار ذمہ داران استعمال نہیں کر رہے ۔خدشہ ہے کہ یہ رقم واپس نہ چلی جائے ۔شہر میں صفائی کی صورتحال بہت خراب ہے میں نے اپنی ذاتی جیب سے بیس لاکھ روپے لگا کر البراق کمپنی لاہور سے تلہ گنگ شہر کی صفائی کا ٹھیکہ کیا تھا ۔تا کہ صاف ستھرا شہر میونسپل کمیٹی والوں کے حوالے کروں لیکن اس کے بعد کی صورتحال مایوس کن ہے۔