اﷲ تعالیٰ نے حضورؐ کو معراج کی صورت میں مقام عروج عطاء کیا، پیر نقیب الرحمٰن

15 اپریل 2018

راولپنڈی (نیوز ڈیسک) پاسبان وطن کے زیراہتمام معراج النبیؐ کانفرنس سے پیر نقیب الرحمٰن نے اپنے خطاب میں کہا کہ اﷲ تعالیٰ نے حضورؐ کو معراج کی صورت میں مقام عروج عطاء کیا۔ معراج کے موقع پر پوری نسل انسانی کی امامت آپؐ کو عطاء کی گئی۔ کانفرنس سے حکیم سروسہارنپوری فاؤنڈیشن کے صدر حکیم سید محمد سہارنپوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ معراج کے موقع پر مومنوں کیلئے نماز کا تحفہ دیا گیا جو ان کی معراج ہے۔ اگر اہم اﷲ تعالیٰ سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں تو اپنی نماز کو بڑے خشوع و خضوع کے ساتھ ادا کریں۔ حکیم سید محمد سہارنپوری نے مزید کہا کہ جہاں جاکے نوریوں کا سردار یہ کہتا ہے کہ سرکار اب آپؐ جائیں یہاں سے ایک بال برابر بھی میں آگے بڑھ گیا تو اﷲ تعالیٰ کی تجلی سے میں خاک ہوجاؤں گا۔ یہاں سے خاکیوں کے سردار نے تو ہزار پردے حجاب کے طے کیے، حضورؐ کو بیت المقدس میں امامت نسل انسانی سے سرفراز کیا گیا۔ حکیم سید محمد سہارنپوری نے مزید کہا کہ معراج کے موقع پر آپؐ کو جنت و جہنم کے مناظر دیکھا کر یہ بتایا گیا کہ اپنی امت کو ان خطرات سے آگاہ کردیں تاکہ وہ جہنم میں جانے سے بچ جائیں۔ پاسبان وطن کے صدر چوہدری خورشید انور نے معراج النبیؐ کے فضائل اور واقعات بیان کیے۔ مرکزی جامع مسجد کے ڈسٹرکٹ خطیب حافظ محمد اقبال رضوی نے معراج النبیؐ کی تصدیق کرنے کے سبب صدیقؓ کا لقب پانے والے حضرت ابوبکر صدیقؓ کے مناقب بیان کیے۔ معراج النبیؐ کانفرنس سے فخر الزمان عادل اور دیگر مقررین نے بھی حضورؐ کے واقعہ معراج کی تفصیلات بیان کیں اور کہا کہ اس امت مسلمہ کی کامیابی و کامرانی حضورؐ کی اتباع میں ہے اور ہمیں چاہیے کہ اپنے سیرت و کردار کو حضورؐ کی تعلیمات کے مطابق ڈھال لیں۔ آخر میں امت مسلمہ اور بالخصوص پاکستان کی سلامتی و استحکام کیلئے خصوصی دعا مانگی گئی۔