ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن شبیر قائم خانی 100ساتھیوں کے ہمراہ پی ایس پی میں شامل

15 اپریل 2018

کراچی (این این آئی) متحدہ قومی مووومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن شبیر قائم خانی نے 100 ساتھیوں کے ہمراہ پاک سر زمین پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی یہ اعلان انہوں نے پی ایس پی کے چیئرمین سید مصطفی کمال، صدر انیس قائم خانی کے ہمراہ مرکزی دفتر پاکستان میں ہائوس میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مصطفی کمال نے کہاکہ کر اچی تباہ ہو گا تو پورا پاکستان تباہ ہو گا کیونکہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے، آنے والاوقت پی ایس پی کا ہے شمولیتیں اس لئے نہیں کی جارہی ہیں کہ کسی ذاتی مفاد کے لئے کام کررہے ہیں بلکہ ایک مقصد کے لئے کام کررہے ہیں، عام انسانی کی زندگی کو بہتربنانا ہے پورے پاکستان سمیت سندھ بھر کے مسائل حل کرناہے۔ انہوں نے کہاکہ آج کراچی میں 18،18 گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہے کے الیکٹرک سے بات کرو کہتے ہیں گیس نہیں اور گیس والوں سے بات کرو کہتے ہیں یہ پیسے نہیں دیتے اور ہمارے وزیر اعلیٰ دو خط لکھ کر اپنی جان چھڑا لیتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آج شبیر قائم خانی جن کی 35 سالہ جدوجہد ہے ان کے ساتھ مرکزی عہدیداران،ان کے پورے علاقے کے ذمہ داران اور علاقائی ساتھی جن کی تعداد 100 سے زائد ہے وہ پاک سرزمین پارٹی میں شامل ہورہے ہیں۔ بشیر قائم خانی نے کہاکہ مصطفی کمال نے تو بہت دعوت دی اب میں فاروق ستار اور عامر خان کو دعوت دیتا ہوں کہ یہاں آجائیں مہاجروں سمیت تمام قومیتوں کی بھلائی کے لئے کام کریں۔