پہلوان انعام بٹ نے پاکستان کیلئے پہلا گولڈ میڈل جیت لیا
لاہور(چودھری اشرف) کامن ویلتھ گیمز 2018ء کے اختتام سے ایک روز قبل ریسلنگ میں محمد انعام بٹ پہلوان نے نائیجیرین پہلوان کو فائنل میں شکست دیکر پاکستان کو پہلا گولڈ میڈل جتوا دیا اس سے قبل ریسلنگ میں ہی طیب رضا نے پاکستان چوتھا برانز میڈل جیتا۔ ریسلنگ کے مقابلوں کے اختتام کے ساتھ ہی پاکستان کے کامن ویلتھ گیمز کا سفر ایک گولڈ اور چار برانز میڈلز کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق گولڈ کوسٹ کے ریسلنگ سنٹر میں گذشتہ روز ریسلنگ کے آخری مقابلے ہوئے جس میںمحمد انعام بٹ نے 86 کلو گرام فری سٹائل میں جبکہ طیب رضا نے 125 کلو گرام کلاس میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ فائنل میں محمد انعام بٹ کا مقابلہ نائجیریا کے پہلوان میلون بیبو سے تھا جس میں انعام بٹ نے چھ صفر سے کامیابی اپنے نام کی۔ 125 کلو گرام کلاس میں پاکستان کے طیب رضا آخری لیگ میچ میں شکست کھا گئے تاہم بہتر پوائنٹس پر برانز میڈل جیتنے میں کامیاب ہو گئے۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری خالد محمود کی جانب سے دونوں پہلوانوں کو دو دو سو ڈالر نقد انعام اور شاباش دی۔ پاکستان کے لیے پہلا گولڈ میڈل جیتنے والے محمد انعام نے اپنا میڈل پاکستان کے نام کرتے ہوئے کہا کہ اس میڈل کے لیے چار سال سے محنت کر رہا تھا۔ خوشی ہے کہ آج ملک اور قوم کا نام روشن کرنے میں کامیاب ہوا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈل میں کسی ایک کی نہیں بلکہ پوری ٹیم جس میں پاکستان سپورٹس بورڈ، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن، پاکستان ریسلنگ فیڈریش اور میرے کوچز کی محنت کے ساتھ والدین کی دعائیں شامل ہیں۔ انعام بٹ کا کہنا تھا کہ مزید محنت جاری رکھتے ہوئے ایشین گیمز کی تیاری کرونگا تاکہ پاکستان کے لیے مزید میڈل جیت سکوں۔