پاٹ اینڈ ون اوپننگ سنوکر ٹورنامنٹ جاوید جونیئر نے جیت لیا

15 اپریل 2018

اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر) پاٹ اینڈ ون اوپننگ سنوکر ٹورنامنٹ پنجاب کے سابق جونیئر چیمپن جاوید جونیئر نے جیت لیا۔فائنل میچ میں انھوں نے دی پورٹرز سنوکر اکیڈمی کے خرم خان کو 2-0 سے ہرایا۔ اس موقع پر اسلام آباد بلیئرڈز اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر سلیم اختر رانا مہمان خصوصی تھے۔ انھوں نے پاٹ اینڈ ون سنوکر کلب ای الیون کے سی ای او بنارس خان اور انٹر نیشنل سنوکر کھلاڑی محمد آصف ٹوبہ اور ورلڈ ٹیم ایونٹ سنوکر چیمپن بابر مسیح کے ہمراہ کھلاڑیوں میں کیش ایوارڈز تقسیم کیے۔ اس موقع پر اسلام آباد بلیئرڈ اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل محمد فہیم انور نے کلب انتظامیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاٹ اینڈ ون اسلام آباد کے سنوکر کلبزمیں ایک خوبصورت اضافہ ہے۔ ٹورنامنٹ کی سب سے بڑی بریک سنوکر کے سابق قومی چیمپئن محمد آصف ٹوبہ نے 106 کی بنائی۔ یہ بریک انھوں نے کوارٹر فائنل میں مدثر شیخ کے خلاف بنائی۔ آصف ٹوبہ نے نمائشی میچ میں بابر مسیح کے خلاف پہلی ہی فریم میں 130 کی بریک کھیلنے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ پاٹ اینڈ ون کے سی ای او بنارس خان نے تمام کھلاڑیوں اور اسلام آباد بلیئرڈ اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن کے آفیشلز کا شکریہ ادا کیا۔ افتتاحی تقریب میں راولپنڈی بلیئرڈز اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر عامر خان اور نائب صدر ملک اصغر سمیت شائقین اور کھلاڑیوں کی بڑی تعدادنے شرکت کی۔