عوام مسلم لیگ(ن) کو پہلے سے بڑی شکست دینگے‘ عمران ووٹ کی امید نہ رکھیں: مرادعلی شاہ

15 اپریل 2018

کراچی‘ سیہون شریف (سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے کہا ہے کہ الیکشن قریب آیا تو ن لیگی نئے برساتی مینڈک کی طرح نکل آئے۔ صرف یہ بتائیں کہ 5سال میں سندھ کیلئے کیا کیا۔ سیہون میں خطاب کرتے انہوں نے کہا کہ (ن)لیگ کا پہلا صدر تو ہمیشہ کیلئے نااہل ہوگیا۔ نئے صدر برساتی مینڈک کی طرح نکل آئے ہیں۔ الیکشن میں سندھ کے عوام ن لیگ کو پہلے سے بڑی شکست دیں گے۔ عمران خان کو پہلے بھی سندھ کرکٹ ٹیم کی کوچنگ آفر کرچکے ہیں۔ عمران سندھ کے لوگوں سے ووٹ کی امید نہ رکھیں، اگلا وزیراعظم پی پی کا ہوگا۔ جب نوازشریف وزیراعظم تھے تب ایک رات آکر کراچی میں نہیں آئے۔ علاوہ ازیں کراچی سے سٹاف رپورٹرکے مطابق پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ معافیاں مانگ کر بھاگ جانے والے ہی مرسوں مرسوں جیسے نعرے کا مذاق اڑا سکتے ہیں۔ چھوٹے میاں بڑے میاں کی تاحیات نااہلی کا جشن منانے ملک گیر دورے پر نکل پڑے ہیں۔ نواز شریف کی تاحیات نااہلی پر مخالفوں سے زیادہ انکے سگے بھائی خوش ہوئے ہیں۔شہباز شریف سندھ کی فکر چھوڑیں پہلے کرپشن کے مقدمات کا سامنا کریں۔ہفتے کو وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ شہباز شریف کو مصنوعی ترقی مبارک ہو‘ سندھ میں پائیدار ترقی کی بنیادیں رکھی جا چکی ہیں۔ ضیا کی پیداوار نے روشنیوں کے شہر کو خونریزی کے شہر میں بدلا ہے۔انہوںنے کہا کہ شہباز شریف کے بڑے بھائی نے جو وعدے کئے وہ پورے نہیں ہوئے اب چھوٹا لارے لگانے آگیا ہے۔مصنوعی ترقی کا بم پھٹے گا تب شہباز شریف اہل عیال کے ساتھ سرور پیلس جیسے کسی محل میں بیٹھا ہوگا۔مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ بڑے بھائی کیلئے اڈیالہ جیل کی صفائی کروانے والے بے وفا بھائی کے جال میں سندھ کے لوگ نہیں آئیں گے۔سندھ والے خوب جانتے ہیں کہ نون لیگ کی وفاقی حکومت میں پانچ سال میں سارے پیسے کہاں لگائے۔