نواز شریف نے کراچی کا امن تباہ کرنے کیلئے خصوصی کردار ا دا کیا‘ سعید غنی
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے وزیراعلیٰ پنجاب کے دورہ سندھ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سلطنت جاتی امراء کے نرم اور نازک مزاج وزیراعلیٰ کراچی آئے ، گاڑی سے اتر کر مزار قائد تک جاتے ہوئے دھوپ سے بچنے کے لئے چھتری کے سائے میں گئے۔ انہوں نے کہا کہ شوباز شریف کو سندھ کی فکر چھوڑ کر اس سوال کا جواب دینا چاہیے کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم نہیں ہوئی انہیں کس نام سے پکارا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے لسانیت کو فروغ دیا اور کراچی کے امن کو تباہ کرنے کے لئے خصوصی کردار ادا کیا۔ سعید غنی نے کہا کہ شہباز شریف جاتی امراء کو پنجاب سمجھتے ہیں، ہم مانتے ہیں کہ جاتی امراء کے مکینوں نے اپنے شاندار محل تعمیر کئے ہیں اور سلطنت کی طرف جانے والی سڑکوں کو پرکشش بنایا ہے مگر لاہور شہرجہاں متوسط طبقہ رہتا ہے اور غریب آبادیاں ہیں وہاں انتہائی برے حالات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب خوش قسمت ہیں کہ ماڈل ٹائون میں بدترین خونریزی کروانے کے باوجود نہ صرف آزاد ہیں بلکہ وزیراعلیٰ کے منصب پر بھی قائم ہیں۔